موسلا دھار بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے کوہ سلیمان رینج میں گاڑیاں پھنس گئیں


چمن:  موسلا دھار بارش کے باعث مشرقی بلوچستان کے کوہ سلیمان رینج میں شدید لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے باعث کئی شاہراہیں بند اور بڑی تعداد میں گاڑیاں پھنس گئیں۔


کوہ سلیمان کے دھنا سر رینج میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس سے کوئٹہ، چمن، ژوب اور مغل کوٹ سیکشنز متاثر ہوئے۔ بلوچستان کو خیبرپختونخوا سے ملانے والی N70 ہائی وے بھی بند ہے جس سے متعدد گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔


پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے حکام نے پشاور، سوات، اسلام آباد اور راولپنڈی سے آنے والی ٹریفک کو ڈی آئی خان میں رکنے کی ہدایت کی ہے جب کہ ژوب اور قلعہ سیف اللہ میں گاڑیوں کو بھی رکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ PDMA کی ٹیمیں پھنسے ہوئے مسافروں کو ریسکیو اور مدد کے لیے روانہ کر دی گئی ہیں، اور بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے ہائی ویز کو کلیئر کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔


ضلع آواران میں شدید بارشوں سے دریائے سید میں طغیانی آگئی ہے جس سے آواران کا جھاؤ سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ مزید برآں دریائے واہلی میں طغیانی کے باعث آواران تربت روڈ بند ہو گئی ہے۔ بلوچستان میں گزشتہ پانچ دنوں سے جاری بارشوں کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہو گئے۔


حکام حالات کو معمول پر لانے اور موسم کی خراب صورتحال سے متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے انتھک محنت کر رہے ہیں۔