کیا پاکستان اور بھارت کبھی دوست بن سکیں گے؟ جنگ کی کہانی اور امن کا پیغام
پاکستان اور بھارت، دو ہمسایہ ممالک، جو ایک ہی زمین سے جنم لیے لیکن تقسیم کے بعد ایک دوسرے کے سخت مخالف بن گئے۔ 1947 کی تقسیم برصغیر کے ساتھ ہی دشمنی کی بنیاد رکھ دی گئی۔ کشمیر کا تنازع اس دشمنی کی سب سے بڑی وجہ بنا، جس نے دونوں ممالک کو چار بڑی جنگوں میں دھکیل دیا: 1947، 1965، 1971 اور 1999 کی کرگل جنگ۔ ان جنگوں نے لاکھوں جانیں لے لیں، کروڑوں لوگ متاثر ہوئے، اور دونوں ملکوں کی معیشت کو شدید نقصان پہنچا۔
لیکن سوال یہ ہے کہ کیا یہ دشمنی ہمیشہ جاری رہے گی؟ یا کبھی ایسا وقت بھی آئے گا جب پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے دوست بن جائیں گے؟ حقیقت یہ ہے کہ عام عوام، چاہے وہ پاکستان میں ہوں یا بھارت میں، جنگ نہیں بلکہ امن چاہتے ہیں۔ جب دونوں طرف کے لوگ ایک دوسرے کی فلمیں دیکھتے ہیں، ایک دوسرے کے گانے سنتے ہیں، اور سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں، تو یہ ثابت ہوتا ہے کہ دلوں میں نفرت نہیں، صرف سیاسی تنازعات نے دیواریں کھڑی کر رکھی ہیں۔
امن کا پیغام یہی ہے کہ ہمیں ماضی کی تلخ یادوں کو بھلا کر آگے بڑھنا ہوگا۔ ہمیں جنگوں سے سبق سیکھنا چاہیے اور مل کر ایک ایسا راستہ اختیار کرنا چاہیے جو امن، بھائی چارے اور ترقی کی طرف لے جائے۔ اگر نیت صاف ہو، اور دونوں ممالک خلوص دل سے بات کریں، تو ضرور ایک دن ایسا آئے گا جب پاکستان اور بھارت کے درمیان صرف سرحدیں ہوں گی، دشمنی نہیں۔
0 Comments