ساہیوال سرگودھا (نمائندہ خصوصی)تحصیل ساہیوال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ایسی خاتون افسر نے ذمہ داریاں سنبھالیں جنہوں نے اپنے عملی اقدامات اور بے مثال کارناموں سے عوام کے دل جیت لیے۔ جی ہاں! بات ہو رہی ہے تحصیل ساہیوال کی پہلی اسسٹنٹ کمشنر ماہم مشتاق صاحبہ کی، جنہوں نے اپنی انتھک محنت اور جرأت مندانہ فیصلوں سے وہ کام کر دکھائے جو برسوں سے ناممکن سمجھے جا رہے تھے۔گزشتہ دور میں مین بازار، خونی دروازہ چوک کارخانہ بازار اور کیپٹن شاہد روڈ پر تجاوزات کا خاتمہ ناممکن تصور کیا جاتا تھا، لیکن ماہم مشتاق صاحبہ نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے ان تمام مقامات کو تجاوزات سے پاک کروا کر عوام کو سکون کا سانس دیا۔ اسی طرح سرگودھا جھنگ روڈ پر سبز منڈی کے سامنے پکے تھڑے جو آئے روز حادثات کا باعث بنتے تھے، ان کو بھی جرات کے ساتھ ہٹوا کر ٹریفک کی روانی بحال کی۔عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ معاشی بدعنوانیوں پر بھی قابو پایا گیا۔ بلیک میں چینی فروخت کرنے والے مافیا کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے کئی بار ذخیرہ اندوزوں سے چینی برآمد کی اور ان کو قانون کی گرفت میں لایا۔ یہ اقدام نہ صرف عوام کو ریلیف دینے کا باعث بنا بلکہ انتظامیہ کے وقار میں بھی اضافہ ہوا۔اس کے علاوہ عوام کی صحت اور تفریح کو مدنظر رکھتے ہوئے واکنگ ٹریک کی منظوری دلوا کر ایک اور نمایاں خدمت سرانجام دی، جو شہریوں کے لیے صحت مند ماحول فراہم کرنے کی ایک مثبت اور دیرپا کوشش ہے۔یوں ماہم مشتاق صاحبہ نے اپنے عملی اقدامات سے یہ ثابت کیا کہ اگر نیت صاف ہو اور ارادہ مضبوط ہو تو بڑے سے بڑا کام بھی ناممکن نہیں رہتا۔ تحصیل ساہیوال کی عوام آج بھی ان کے ان سنہری کارناموں کو یاد کرتی ہے اور انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

تحصیل ساہیوال کی پہلی اسسٹنٹ کمشنر ماہم مشتاق کے کامیاب اقدامات