تونسہ شریف (بیورو رپورٹ) تونسہ شریف اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے، جس کے خلاف عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ تونسہ کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے 12 سے 14 گھنٹے بجلی غائب رہنا معمول بن چکا ہے، جس سے نہ صرف گھریلو زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ کاروباری طبقہ بھی شدید مالی نقصانات کا سامنا کر رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف شدید گرمی اور حبس ہے تو دوسری طرف بجلی کی بندش سے پینے کے پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ مساجد اور گھروں میں پانی نہ ہونے کے باعث معمولاتِ زندگی معطل ہو کر رہ گئے ہیں۔ مقامی تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بجلی نہ ہونے سے ورکشاپس، پرنٹنگ پریس اور دیگر چھوٹے کارخانے بند ہو رہے ہیں، لیکن محکمہ بجلی کی جانب سے کوئی پرسانِ حال نہیں۔ اہل علاقہ نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
x
0 تبصرے