آر پی او ساہیوال محمد ایاز سلیم کی کھلی کچہری، شہریوں کی شکایات پر فوری احکامات جاری

آر پی او ساہیوال محمد ایاز سلیم کی کھلی کچہری، شہریوں کی شکایات پر فوری احکامات جاری

 پاکپتن (ڈسٹرکٹ بیورو چیف میاں پرنس وٹو سے) — ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال محمد ایاز سلیم نے اپنے دفتر میں روزمرہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں ساہیوال ریجن کے مختلف اضلاع سے آئے شہریوں نے شرکت کی اور اپنے مسائل، درخواستیں اور شکایات پیش کیں۔

آر پی او محمد ایاز سلیم نے سائلین کے مسائل تفصیل سے سنے اور موقع پر ہی متعلقہ درخواستوں پر فوری احکامات جاری کیے۔ کھلی کچہری کے دوران مختلف شکایات کے ازالے اور زیر تفتیش مقدمات کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے لیے متعلقہ تفتیشی اور سپروائزری افسران کو طلب کرکے بریفنگ لی گئی۔

آر پی او ساہیوال نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے، مقدمات کی میرٹ پر تفتیش اور انصاف کی بروقت فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو فوری اور شفاف انصاف کی فراہمی پنجاب پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

محمد ایاز سلیم نے مزید کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنا اور پولیس و عوام کے درمیان اعتماد کے رشتے کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ساہیوال ریجن میں قانون کی بالادستی، شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے