وہاڑی (راشد منظور سے) — ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے اچانک ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی کا دورہ کیا اور مختلف وارڈز میں جا کر سروس ڈیلیوری، طبی سہولیات، ادویات کی فراہمی اور ڈاکٹر و سٹاف کی حاضری کو چیک کیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے سائیکل اسٹینڈ پر اوورچارجنگ کرنے والے شخص کو موقع پر گرفتار کروایا اور ایم ایس کو متعلقہ تھانے میں مقدمہ کے اندراج کے لیے استغاثہ جمع کرانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے ایکسرے اور الٹرا ساؤنڈ روم کا بھی معائنہ کیا اور وہاں سروس ڈیلیوری کا جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ وہیل چیئر کاؤنٹر پر سٹریچر اور وہیل چیئر کی دستیابی، جبکہ انتظار گاہ میں فراہم کردہ سہولیات کو بھی چیک کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں پینے کے صاف پانی کی دستیابی کا بھی معائنہ کیا اور مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان سے طبی سہولیات کے حوالے سے دریافت کیا۔ مریضوں اور لواحقین نے علاج معالجہ کی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
خالد جاوید گورائیہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ہسپتالوں میں سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لیے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی جاری ہے اور ڈاکٹر و سٹاف مریضوں کے ساتھ حسن سلوک کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ طبی سہولیات کی فراہمی میں سستی یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ہسپتال میں صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فہد وحید، ایم ایس اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
0 تبصرے