وہاڑی پولیس کی مؤثر تفتیش، قتل کے مقدمہ میں تین مجرموں کو سزائے موت اور جرمانہ

وہاڑی پولیس کی مؤثر تفتیش، قتل کے مقدمہ میں تین مجرموں کو سزائے موت اور جرمانہ

 وہاڑی (راشد منظور سے) — وہاڑی پولیس کی مؤثر تفتیش، بہترین پیروی اور مضبوط شہادتوں کی بدولت قتل کے ایک مقدمہ میں تین مجرموں کو سزائے موت اور جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ لڈن میں درج مقدمہ نمبر 310/23 میں معزز عدالت ایڈیشنل سیشن جج وہاڑی طارق محمود شاد نے جرم ثابت ہونے پر تین مجرمان عالم، یوسف اور مبشر کو سزائے موت اور پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔

مجرمان نے رقبہ کے تنازعہ پر مدعی مقدمہ کے احاطہ مویشیاں میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی اور رائفل سے فائرنگ کر کے مدعی مقدمہ کے والد کو قتل کر دیا تھا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ میں مضبوط تفتیش، مؤثر پیروی اور ٹھوس شہادتوں کی بدولت عدالت نے فیصلہ سنایا۔ اس موقع پر ڈی پی او وہاڑی تصور اقبال نے کہا کہ وہاڑی پولیس سنگین مقدمات میں مجرمان کی گرفتاری اور انہیں عدالت سے سزا دلوانے کے لیے تمام تر اقدامات کر رہی ہے۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے