وہاڑی: ڈی ایس پی ٹریفک کی امیدواروں کو روڈ سیفٹی بریفنگ

وہاڑی( عثمان اختر سے) ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آنے والے امیدواروں کو ڈی ایس پی ٹریفک وہاڑی ظفر القدوس نے خود بریفنگ دیتے ہوئے ٹریفک قوانین، روڈ سیفٹی اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ سے متعلق اہم ہدایات جاری کیں۔ڈی ایس پی ظفر القدوس نے واضح کیا کہ ڈرائیونگ لائسنس محض ایک کارڈ نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے، جس کا مقصد سڑکوں پر نظم و ضبط اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے امیدواروں کو ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں اور دورانِ ڈرائیونگ احتیاط کو اپنا شعار بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس وہاڑی شہریوں کی سہولت اور شفافیت کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ لائسنس کا حصول میرٹ پر اور آسان طریقے سے ممکن بنایا جا سکے۔ بریفنگ کے دوران امیدواروں نے بھی ٹریفک پولیس کے مثبت اور رہنمائی پر مبنی رویے کو سراہا۔شہریوں کا کہنا تھا کہ افسران کا خود میدان میں آ کر رہنمائی کرنا خوش آئند اقدام ہے، جس سے نہ صرف اعتماد بحال ہوتا ہے بلکہ ٹریفک قوانین سے آگاہی بھی بڑھتی ہے۔ڈی ایس پی ظفر القدوس کی جانب سے دی جانے والی یہ آگاہی بریفنگ شہریوں کیلئے ایک مثبت اور قابلِ تحسین قدم قرار دی جا رہی ہے، جو محفوظ اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔